بچی نے سوئی ہوئی والدہ کا فون پر انگوٹھا لگواکر آن لائن کھلونے منگوالیے

امریکا میں 6 سالہ بچی نے کمال چالاکی سے نیند کی آغوش میں اپنی ماں کا انگوٹھا لگوا کر اس کا فون کھولا اور 250 ڈالر کے آن لائن تحفے خرید لیے۔

05:10 PM, 30 Dec, 2016

آرکنساس: امریکا میں 6 سالہ بچی نے کمال چالاکی سے نیند کی آغوش میں اپنی ماں کا انگوٹھا لگوا کر اس کا فون کھولا اور 250 ڈالر کے آن لائن تحفے خرید لیے۔

امریکا کی رہائشی خاتون کی 6 سالہ بیٹی نے نیند کے دوران بہت احتیاط سے اپنی والدہ کےانگوٹھے کے فنگر پرنٹس سے ایمیزون ایپ کھول کر اس سے کرسمس کے تحفے خریدے۔ یہ تمام کھلونے پوکے مون سے تعلق رکھتے تھے جو ایمیزون سے منگوائے گئے تھے۔

جب ایمیزون کی جانب سے بچی کی ماں کو خریداری کی اطلاع دی گئی تو ماں کا اصرار تھا کہ ان کا یمیزون اکاؤنٹ ہیک ہوگیا ہے۔ لیکن بعد میں بیٹی نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنی والدہ کا آئی فون اس وقت کھولا جب وہ نیند میں تھیں اور اس کے بعد ایمیزون ویب سائٹ سے اپنے پسندیدہ کھلونوں کا آرڈر دیدیا۔

خاتون نے کچھ کھلونے واپس کردیئے لیکن بقیہ کھلونوں کو لوٹانا ممکن نہ تھا۔ اس 6 سالہ بچی کو اخبارات نے ’’چائلڈ جینیئس‘‘ قرار دیا ہے کیونکہ یہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد واقعہ ہے۔ ایمیزون نے حال ہی میں ایک ایپ متعارف کرائی ہے جو پاس ورڈ کی بجائے فنگر پرنٹ سے سرگرم ہوتی ہے۔

مزیدخبریں