نوشہرہ: جمعیت علمائے اسلام(ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ نادیدہ قوتیں انتخابات کے نتائج تبدیل کرتی ہیں اور یہی ہمارے راستے کی رکاوٹ ہیں،ملک میں تبدیلی آئین، قانون، شریعت پر عمل اور نظام کی اصلاح کی صورت میں آئے گی جبکہ ریاست کے مفادات اورنظام کو مدنظررکھنا بھی ضروری ہے پاکستان کا آئین قانون کے تحت سیاست سے وابستہ ہے۔جمعہ کونوشہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ روایتی سیاست کرنے والوں پر مفادات کا غلبہ ہے اور کچھ نادیدہ قوتیں انتخابات کے نتائج تبدیل کردیتی ہیں اور یہی ہمارے راستے میں رکاوٹ ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت دوسری پارٹیوں کی طرح نہیں، ہماری نظر میں مفادات کی کوئی اہمیت نہیں، ہم ملک میں صرف قرآن و سنت کے نفاذ کے لئے سیاست کررہے ہیں، ہماری جماعت کی بنیاد بھی فرقہ واریت پر نہیں ہمارے دروازے ہرطبقے کے لئے کھلے ہیں ہم اقلیتوں کے تحفظ کی بھی بات کرتے ہیں۔سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ہم نے سیاسی عمل کے ذریعے آگے بڑھنا ہے، مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ دنیا میں جو جنگ چل رہی ہے اس کے ذریعے اسلام کے چہرے کو گرد آلود کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن ہمیں اسلام کا ترجمان بننا ہوگا۔