دہشتگردوں کو بیرون ملک سےمدد مل رہی ہے،پاکستان کے دشمنوں کو عبرت کا نشان بنادیں گے: وزیراعظم

دہشتگردوں کو بیرون ملک سےمدد مل رہی ہے،پاکستان کے دشمنوں کو عبرت کا نشان بنادیں گے: وزیراعظم

اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہم  قوم، مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کوششوں سے پاکستان کے دشمنوں کو کچل دیں گے۔

وفاقی کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف  نے سوچ اور عمل کی یکسانیت سے آگے بڑھنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔

اجلاس میں انہو ں نےاپنے کل کے کوئٹہ کے دورے کےبارے میں بتاتے ہو ئے کہا کہ بلوچستا ن ایپکس کمیٹی کی میٹنگ میں  امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا، شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی۔ان کا کہنا تھا کہ  شہداء کے ورثاء بہت حوصلے میں تھے، کورکمانڈر کوئٹہ نے صوبے کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

وزیر اعظم نے واضح کیا کہ دہشت گردوں سے کوئی مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔ کوئٹہ میں دی گئی بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ خوارج اور دہشت گرد عناصر بلوچستان میں نفرت پھیلا رہے ہیں اور انہیں بیرون ملک سے فنڈنگ کی جارہی ہے۔

 پاکستان آرمی کے افسر اور جوان دن رات دہشت گردوں کا پیچھا کر رہے ہیں، پاک آرمی کے افسران اور جوانوں کو وفاقی اور صوبائی گورنمنٹ کی پوری سپورٹ ہے۔

شہباز شریف نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ میرسرفراز بگٹی نے صوبے میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا۔صوبائی حکومت نے یوتھ کیلئے بہت اچھے پروگرام مرتب کئے ہیں۔

ملک کی معاشی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کا پاکستان کے معاشی نقطۂ نظر کے بارے میں اعلان اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان کا گہرا دوست ہے اور پاکستان چین اقتصادی راہداری (سی پیک )نے ملک میں ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھولی ہیں۔

مصنف کے بارے میں