ایشیا کپ،پاکستان  کا فاتحانہ آغاز ، نیپال کو238 رنز سے شکست دے دی

09:13 PM, 30 Aug, 2023

نیوویب ڈیسک

ملتان: ایشیا کپ کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیپال کو  238 رنز سے شکست دے دی ہے۔ایشیا کپ میں پاکستان نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے نیپال کو باآسانی 238 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔ پاکستان کے 343 رنز کے  جواب میں  نیپال کی ٹیم 104 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ 23.4 اووروں میں نیپال کی پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ 

نیپال کی طرف سے بیٹنگ کرتے ہوئے  کوشل بھرتل نے 8، آصف شیخ نے  پانچ، روہت پودل صفر، عارف شیخ26، سومپل کامی 28، گلشن جھا13، دپندرا سنگھ تین، کوشل  مالا6، سندیپ لمی چھانے صفر، کرن کے سی سات، للت راج بنشی صفرسکو ر بناکر پویلین لوٹے۔

پاکستان کی طرف سے بائولنگ کرتے ہوئے  شاہین شاہ آفریدی نے دو،نسیم شاہ نے ایک، حارث رئوف نے  دو، شاداب خان نے  چار، محمد نواز نے  ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔پاکستان نے ایشیا کپ کے پہلے میچ میں نیپال کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان بابراعظم کی کیریئر کی 19 ویں سنچری اور افتخار احمد کی پہلی سنچری کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 342 رنز بنا ئے۔

پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو فخر زمان  جلدی آئوٹ ہوگئے اور 21 کے مجموعے پر 14 رنز بنا کرپویلین لوٹے ۔امام الحق بھی جلد ہی 25 کے سکور پر رن آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 14 گیندوں کا سامنا کرکے 5 رنز بنائے تھے۔ بابراعظم کا ساتھ دینے کے لیے محمد رضوان  آئے اور دونوں تجربہ کار بیٹسمینوں  نے سکور 111 رنز تک پہنچایا اور ٹیم کو مشکل سے نکالنے کی کوشش کی۔

محمد رضوان نے 50 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے لیکن نیپال کے آئری نے انہیں رن آؤٹ کردیا۔بابراعظم نے ایشیاکپ کے پہلے میچ میں نصف سنچری مکمل کی لیکن دوسرے اینڈ پر  آغا سلمان  تھے   جو زیادہ دیرتک ان کا ساتھ نہیں نبھاپائے اور 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔بابراعظم اور افتخار احمد نے بہترین شراکت قائم کرتے ہوئے پاکستان کا سکور آگے بڑھایا اور اس دوران کپتان نے اپنے ایک روزہ کیریئر کی 19 ویں سنچری مکمل کی ۔ افتخار احمد نے 43 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔

بابراعظم نے جب 143 رنز کا انفرادی سکور کیا تو وہ ایشیا کپ میں سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے دوسرے بیٹسمین  بن گئے، ان سے قبل 2012 میں بھارت کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی نے پاکستان کے خلاف 183 رنز بنائے تھے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے ایک روزہ کرکٹ کے کیریئر میں دوسری مرتبہ 150 رنز کا سنگ میل عبور کیا اور ایشیا کپ میں پاکستان کی جانب سے سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔پاکستان کے 342 رنز پر چھ کھلاڑی آئوٹ ہوئے ۔

نیپا ل کی طرف سے بائولنگ کرتے ہوئے سومپل کامی نے دو وکٹیں، کرن کے سی نے ایک ،سندیپ لامی چھانے نے  ایک ، وکٹ حاصل کی۔

مزیدخبریں