سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان  کا ستمبر میں  پاکستان  دورے کا امکان :دفاعی تعلقات سمیت،آئل ریفائنری کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا

04:26 PM, 30 Aug, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد :سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان  ستمبر میں پاکستان آئیں گے۔  اس اہم دورے میں دفاعی تعلقات سمیت  آئیل ریفائنری کے قیام پر بھی تبادلہ خیال  کیاجائے گا ۔ شہزادہ محمد بن سلمان کا ستمبر کے دوسرے ہفتے میں پاکستان کے مختصر دورے کا امکان ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں پاکستان جبکہ دوسرے مرحلے میں بھارت روانہ ہوں گے، محمد بن سلمان کا 10 ستمبر کو پاکستان پہنچنے کا امکان ہے۔سعودی ولی عہد کا ممکنہ دورہ پاکستان 4 سے 6 گھنٹوں کا ہوگا، چند گھنٹے پاکستان میں قیام کے بعد سعودی ولی عہد بھارت روانہ ہوں گے۔

سعودی ولی عہد اٹھارہویں جی 20 سربراہی اجلاس کے بعد بھارت پہنچیں گے، اٹھارہواں جی 20 سربراہی اجلاس 9 سے 10 ستمبر کو دہلی میں منعقد ہوگا جبکہ محمد بن سلمان 11 ستمبر کو بھارت پہنچیں گے۔دورہ پاکستان کے دوران محمد بن سلمان نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے ملاقات کریں گے، ایم بی ایس کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

ملاقاتوں میں پاک سعودی عرب تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، ملاقاتوں میں دفاعی تعلقات کے فروغ، مشترکہ مسلح دفاعی مشقوں پر بات چیت ہو گی جبکہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں آئل ریفائنری کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

مزیدخبریں