دبئی: پاکستان ایسوسی ایشن دبئی متحدہ عرب امارات میں پاکستانی طلباء کے لیےنئے اسکول کھولنے کا منصوبہ بنا رہی ہے جو کمیونٹی کو معیاری تعلیم فراہم کریں گے۔
پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرام نے کہا کہ کمیونٹی کی اہم ضرورتوں میں سے ایک تعلیم سر فہرست ہے۔ بہت سی دوسری قومیں شاندار اداروں کے ساتھ ترقی کی راہوں پر گامزن ہیں اس لیے ہمیں یہاں اپنی کمیونٹی کے لیے مزید معیاری اسکولوں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسوسی ایشن پچھلے ایک سال سے اس منصوبے پر کام کر رہی ہے اور جلد ہی یہ منصوبہ مکمل کر لیا جائے گا جس کے بعد امید کی جا سکتی ہے کہ اسکول میں تقریباً 4 ہزار طلباء معیاری تعلیم حاصل کر سکیں گے۔
ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ فی الحال عرب امارات میں صرف چند اسکول ہی 1.7 ملین پاکستانی کمیونٹی کو پورا کرتے ہیں، جو متحدہ عرب امارات کی دوسری بڑی کمیونٹی ہے۔ان اداروں میں شارجہ میں پاکستان اسلامیہ ہائی سکول، دبئی میں شیخ راشد المکتوم پاکستانی سکول اور پاکستان ایجوکیشن اکیڈمی شامل ہیں۔
پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرام کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستانی اسکولوں کی کمی کے پیش نظر متحدہ عرب امارات میں زیادہ تر پاکستانی طلباء برطانوی نصابی اداروں میں داخلہ لے رہے ہیں۔ اس لیے نئے اسکولز کا قیام بہت ضروری ہو گیا ہے۔
پاکستان ایسوسی ایشن دبئی نے متحدہ عرب امارات میں کمیونٹی کی مدد سے آڈیٹوریم، اسپورٹس کمپلیکس اور میڈیکل سینٹر کے لیے ایک نئی عمارت کو بھی کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا ہے۔