نیروبی: صحافی ارشد شریف کے قتل میں ملوث کینیا کے 5 پولیس افسران بغیر کسی قانونی احتساب کے ڈیوٹی پر بحال کر دیئے گئے۔
ذرائع کے مطابق ارشد شریف کے قتل میں ملوث پانچ پولیس اہلکار کام پر واپس آگئے ہیں اور ان میں سے دو کو سینئر رینک پر ترقی دے دی گئی ہے۔
کینیا کی انڈیپنڈنٹ پولیسنگ اینڈ اوور سائیٹ اتھارٹی (آئی پی او اے)، جس کو پولیس افسران کے طرز عمل کی تحقیقات کا کام سونپا گیا تھا انہوں نے بھی ارشد شریف کے قتل کے بارے میں ہفتوں میں اپ ڈیٹ دینے کا وعدہ کرنے کے باوجود نو ماہ سے زیادہ عرصے میں تحقیقات کا نتیجہ منظر عام پر لانے میں ناکام رہی۔
آئی پی او اے کے ترجمان تحقیقات میں اتنا وقت لینے اور پولیس افسران کا بغیر کسی جوابدہی کے اپنی ملازمتوں پر واپس جانے کے بارے میں کوئی جواب نہ دے سکی یہاں تک کہ انہوں نے کاروائی کے لیے ٹائم اسکیل دینے سے بھی انکار کر دیا۔
کینیا میں صحافی ارشد شریف کے میزبان خرم اور وقار دونوں نے شریف کے قتل میں ملوث ہونے سے انکار کر دیا۔ وہ کینیا میں ہی رہتے ہیں اور قتل کے بعد سے پاکستان واپس نہیں آئے ہیں۔
واضح رہے کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کینیا کے صدر ڈاکٹر ولیم ساموئی روتو کی دعوت پر آئندہ ماہ کینیا کا دورہ کریں گے۔ ان کے ہمراہ نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی اور کابینہ کے دیگر ارکان اور مشیر بھی ہوں گے۔