ڈی جی خان: جنوبی پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان کے سیلاب زدہ علاقوں میں پانی میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے اور پنجاب بلوچستان شاہراہ بھی بحال کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ڈی جی خان ضلع کے قبائلی علاقوں کے زمینی راستے جزوی طور پر بحال ہو گئے ہیں جبکہ گڑدو کے مقام پر پہاڑی تودہ ہٹا دیا گیا ہے اور پنجاب، بلوچستان شاہراہ بھی آمدورفت کیلئے بحال کر دی گئی ہے۔
ڈیرہ غازی خان کے ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا ہے کہ جلیبی موڑ پر عارضی سٹیل کا پل قائم کیا گیا ہے جبکہ سیلاب متاثرین کی داد رسی کیساتھ ساتھ مزید امدادی کارروائیاں بھی تیزی سے جاری ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے سیلاب سے متاثرہ ضلع ڈیرہ غازی خان کے علاقے ٹبی قیصرانی کا دورہ کیا اور سیلاب متاثرین سے ملاقات کی۔
مریم نواز ٹبی قیصرانی کا دورہ کرنے کے بعد بستی ناڑی بھی پہنچیں اور سیلاب سے متاثرہ خواتین کے ساتھ گفتگو کے دوران ان کے مسائل سنے اور ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کروائی۔