اسلام آباد : وزیر اعظم کی زیر صدارت چھوٹے اور درمیانے کاروبار کے فروغ کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔ وزیراعظم کہتے ہیں ایس ایم ایز ملکی معیشت میں اہم ترین حیثیت کے حامل ہیں۔ ماضی میں چھوٹی صنعتوں کو نظر انداز کیا گیا۔ ہماری حکومت کی توجہ چھوٹی صنعتوں کو سہولیات دینے پر مرکوز ہے۔
نیو نیوز کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ چھوٹے اور درمیانے کاروبار پاکستان کی کل جی ڈی پی کا 40 فیصد حصہ ہیں۔ٹیکس کی مد میں خاطر خواہ مراعات دی جا رہی ہیں۔ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے ایکشن پلان کی منظوری وفاقی کابینہ پہلے سے دے چکی ہے ۔
اسٹیٹ بینک کی زیر نگرانی چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کو قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے سے منسلک کاروبار کو خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ تمام شراکت داروں سے تفصیلی رجوع کیا جا چکا ہے تاکہ پالیسی میں کسی قسم کا سقم نا رہے۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایز آف بزنس پالیسی کے تحت چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو مراعات اور آسانیاں فراہم کی جائیں اور مجوزہ ایس ایم ای پالیسی کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔