راولپنڈی: آرمی چیف نے کہا مسلح افواج نے قوم کے تعاون سے دہشتگردی کے خلاف کامیابی سمیٹی اور مغربی زون پر بارڈر مینجمنٹ کے بروقت اقدامات کے ثمرات آ رہے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق پارلیمانی کشمیر کمیٹی، سینیٹ اور قومی اسمبلی کی دفاعی کمیٹیوں پر مشتمل وفد کا جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور انہیں سیکیورٹی اور سلامتی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ کا کہنا تھا کہ چیلنجز کے باوجود سرحدیں مکمل محفوظ ہیں اور قوم کے تعاون سے صورتحال بہتر ہو چکی ہے جبکہ مسلح افواج نے قوم کے تعاون سے دہشتگردی کے خلاف کامیابی سمیٹی اور مغربی زون پر بارڈر مینجمنٹ کے بروقت اقدامات کے ثمرات آ رہے ہیں۔ مغربی سرحدپربروقت اقدامات سےبارڈرزکومحفوظ بنادیاگیا ہے اورکسی بھی قسم کی صورتحال پرقابوپانےکیلئےتیارہیں، خطےکی معاشی ترقی کیلئےافغانستان میں امن واستحکام انتہائی ضروری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر طرح کی صورتحال کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں اور پاک فوج کشمیر کاز کی مکمل حمایت کرتی ہے جبکہ افواج پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہیں۔
آرمی چیف نے علاقائی رابطوں کے ثمرات پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں ترقی کیلئے افغانستان میں امن کا قیام ضروری ہے۔ انہوں نے انتہا پسندی کیخلاف قوم کے تعاون سے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے شرکا کے سوالات کے مفصل جوابات دیئے۔