حکومت کا مقابلہ پٹواری سے ہے اور نہ ہی فضل الرحمٰن سے : بلاول

03:56 PM, 30 Aug, 2021

سکھر: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی تنہا غیر جمہوری قوتوں کا مقابلہ کر رہی ہے ، باقی سب بھاگ چکے ہیں ۔ حکومت کا مقابلہ پٹواری سے ہے اور نہ ہی فضل الرحمٰن سے ۔

سکھر میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی کال پر کارکنان نے صف اول کا کردار ادا کیا ۔ جب بھی پیپلز پارٹی جمہوریت کیلئے نکلتی ہے تو سکھر کے لوگ نکلتے ہیں ۔ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو حکومت کا مقابلہ کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے جیالوں کو ملک بھر میں جاگنا ہوگا ۔ پیپلز پارٹی کے کارکن سکھر سے کشمیر تک کٹھ پتلیوں کا مقابلہ کر رہے ہیں ۔ پیپلز پارٹی اپنے عوام کے درمیان ہے ، انہیں مصیبت میں تنہا نہیں چھوڑے گی ۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ حکومت جانتی ہے پیپلز پارٹی واحد اپوزیشن کرنے والی جماعت ہے ۔ حکومتی وزرا کے مطابق اس حکومت کے سامنے وزیراعلیٰ سندھ رکاوٹ ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اگر قائد حزب اختلاف سکھر سے ہو تو وہ پابند سلاسل ہوتا ہے ۔ اگر قائد حزب اختلاف لاہور سے ہو تو وہ مزے کر رہا ہوتا ہے ۔

بلاول نے کہا کہ حکومت کیلئے پیغام ہے یہ آپ کی پہلی اور آخری حکومت ہے ۔ حکمران اتنا ظلم کریں جتنا خود برداشت کرسکتے ہیں ۔ جیالوں کی حکومت بننے والی ہے ، ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے ۔

حکومت نے خورشید شاہ کو بند کرکے رکھا ہے ۔ خورشید شاہ کے گھر کی خواتین کو بھی کیسز میں دھکیلا جا رہا ہے ۔ عمران نیازی بتائے وہ کتنے دن جیل میں رکھے جاسکتے ہیں ۔ پیپلز پارٹی کے قائدین پر کیسز ہیں تو ان کی خواتین پر بھی کیسز بن رہے ہیں ۔ اگر ہمارے گھر کی خواتین ہیں تو آپ کے گھر کی بھی خواتین ہیں ، آپ گھر کی خواتین کی عزت کرنا شروع کر دیں ورنہ جیالے نہیں چھوڑیں گے ۔

مزیدخبریں