اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے مزار قائد پر مضحکہ خیز پریس کانفرنس کی، انہیں مشورہ دیتا ہوں کہ اسلام آباد میں اجتماع کرنے کے بجائے اپنے بھائی کو لندن سے بلائیں۔
فواد چوہدری نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی مزار قائد پر کی گئی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کے بھائی پاکستان میں اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کریں، ایک طرف نواسے کی شادی پر کروڑوں خرچ، دوسری طرف عوام کیلئے مہنگائی کا رونا رو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف سیاست چھوڑیں اور وکیلوں کے ساتھ وقت گزاریں اور مشورہ کریں کیونکہ ان کے خلاف کیس مضبوط ہے اور لگتا نہیں کہ وہ زیادہ دیر جلسوں سے خطاب کر سکیں گے، مسلم لیگ (ن) میں پارٹی کی صدارت کیلئے ٹاس ہوتا ہے، اس بار شہباز شریف صدر ہیں اگلی باری مریم نواز، پھر شاہدخاقان عباسی کی باری ہو گی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پوری دنیا کی توجہ افغانستان پر ہے لیکن مسلم لیگ (ن) نے اس بارے میں ایک لفظ نہیں بولا، ن لیگ کی لیڈرشپ جس طرح عالمی طاقتوں کی حمایت حاصل کرنا چاہتی ہے، وہ انتہائی قابل شرم ہے۔
واضح رہے کہ شہباز شریف نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ اور پانی پر اربوں روپے خرچ کرنے چاہئیں، اگر موقع ملا تو کراچی کو پیرس بنا دیں گے، کراچی پر قانون کی حکمرانی ہوگی، ہر ایک کو محنت کا صلہ ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کی جدوجہد اور قربانیوں سے پاکستان انعام میں ملا، قائد اعظم نے پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کا خواب دیکھا، آج ہم اپنے قائد سے شرمندہ ہیں، قائد کے فرمودات کو فراموش کیا، پاکستان دولخت ہوگیا اور ہم نے پھربھی سبق نہیں سیکھا۔
شہباز شریف اسلام آباد میں اجتماع کی بجائے اپنے بھائی کو لندن سے بلائیں: فواد چوہدری
03:06 PM, 30 Aug, 2021