لاہور: کھلی مارکیٹ میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 10 روپے اضافہ ہو گیا ۔ کھلی مارکیٹ میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1130 روپے کا ہو گیا جبکہ راولپنڈی میں 1170 روپے کے قریب بکنے لگا ۔
واضح رہے کہ حکومت نے گندم کی فی من قیمت 1800 روپے مقرر کی ہے ۔ گندم کی قیمت کے مطابق آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1060 روپے میں فروخت ہونا چاہیے ۔ لیکن مارکیٹ میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1060 کی بجائے 1130 روپے میں فروخت ہو رہا ہے ۔
کل تک مارکیٹ میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 1120 روپے تھی جس میں 10 روپے اضافہ ہو گیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آٹے کی قیمت میں آنے والے دنوں میں مزید اضافہ ہو گا ۔
عاصم رضا چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب نے کہا کہ جب آٹے کی قیمت بڑھنا شروع ہو تو حکومت کو مداخلت کر کے اس کو روکنا چاہیے ۔
حکومت نے یکم اکتوبر کو گندم کا سرکاری کوٹہ جاری کرنا تھا مگر اب اس میں تاخیر ہونے کا امکان ہے ۔
محکمہ خوراک کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلی مارکیٹ میں وافر مقدار میں گندم موجود ہے لہذا ملوں کو گندم کا سرکاری کوٹہ اگلے ماہ جاری کیا جائے گا ۔ وزیر خوراک نے بھی ایک خبر میں گندم کے سرکاری کوٹا تاخیر سے دینے کا عندیہ دیا ہے ۔