کورونا میں مبتلا مریض سے ملاقات، ملائیشین وزیراعظم احتیاطی طور پر آئسولیٹ  

02:07 PM, 30 Aug, 2021

کوالالمپور: ملائیشیا کے وزیراعظم اسماعیل صابری یعقوب نے کورونا میں مبتلا ایک مریض سے رابطے میں رہنے کے بعد احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

ملائیشین وزیراعظم کے آفس سے جاری بیان میں اس بات کی تصدیق تو کی گئی ہے کہ اسماعیل صابری یعقوب ان دنوں آئسولیٹ ہیں تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ آیا ان کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے یا نہیں اور یہ کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے کتنے دن قرنطینہ میں گزاریں گے۔

اسماعیل صابری یعقوب نے رواں ماہ ہی ملائیشیا کے وزیراعظم کی حیثیت سے ابھی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ ان کے پیشرو وزیراعظم محی الدین یاسین نے پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل کرنے میں ناکامی پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا۔

خیال رہے کہ ملائیشیا کو ان دنوں کورونا وائرس کی شدید لہر کا سامنا ہے۔ ملک میں کورونا کے سدباب کیلئے لگائے گئے سخت لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملکی معیشت کی حالت بھی دگرگوں ہے۔

ملائیشن بادشاہ نے اسماعیل صابری کے وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد ان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ملک میں جاری سیاسی بحران کے خاتمے کا باعث بنیں گے اور ان کی سربراہی میں پارلیمنٹ اکھٹے ہو کر سیاسی ایجنڈوں کو پس پشت ڈال کر ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرے گی۔

یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ ملائیشیا میں سیاسی بحران بھی شدید ہے۔ اس کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ 2018ء کے بعد سے اب تک ملک میں 3 وزیراعظم تبدیل ہو چکے ہیں۔

اسماعیل صابری نے ملک میں جاری شدید معاشی، سیاسی اور کورونا بحران کے دوران وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالا ہے۔ 

مزیدخبریں