شہباز شریف کی حکومت کی خواہش صرف خواہش ہی رہے گی: فیاض الحسن چوہان

11:38 AM, 30 Aug, 2021

لاہور: وزیرِ جیل خانہ جات و ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے پی ڈی ایم جلسے اور شہباز شریف کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی حکومت کی خواہش صرف خواہش ہی رہے گی ۔

اپنے بیان میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شہباز شریف کہتے ہیں کہ موقع ملا تو ملک کے تمام مسائل حل کریں گے ۔ چالیس سال پنجاب پر حکومت کرنے والوں کو ایک اور موقع کا انتظار انتہائی مضحکہ خیز بیان ہے ۔ عوام اب باشعور ہو چکی ہے ۔

ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ ڈیڑھ سال سے پی ڈی ایم کی بڑھکیں سن سن کر عوام کے کان پک چکے ہیں ۔ یہی حکومت مخالف بڑھکیں پہلے بلاول زرداری اور بیگم صفدر اعوان مارتے تھے ۔ طوطا اور مینا کی غیر موجودگی میں شہباز شریف نے بھی وہی کھوکھلی باتیں کیں ۔

وزیرِ جیل خانہ جات نے کہا کہ اپنی ہی سیٹ نہ جیت سکنے والے مولانا فضل الرحمان پی ڈی ایم کی قیادت کر رہے ہیں ۔ حقیقت یہ ہے کہ سیاسی بے روزگار مولانا فضل الرحمان کے پاس پیسے ختم ہو چکے ۔ اب مولانا پی ڈی ایم اور ن لیگ سے پیسے اینٹھنے کے چکر میں احتجاج کی کال دے رہے ہیں ۔ 

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو جان لینا چاہیے کہ شہباز شریف پچ کے دونوں طرف کھیلتے ہیں ۔ حکومت نے اپوزیشن کے شور شرابے کے باوجود تین سال کامیابی و کامرانی سے مکمل کیے ہیں ۔ اب بھی اپوزیشن کی گیدڑ بھپکیوں سے حکومت کو کئی خطرہ نہیں ۔

مزیدخبریں