عسکری قیادت آج پارلیمانی کمیٹیوں کو داخلی و خارجی سیکیورٹی پر بریفنگ دے گی

09:48 AM, 30 Aug, 2021

راولپنڈی : افغانستان کی بدلتی صورتحال پر اعلیٰ عسکری قیادت آج اراکین پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے گی ، سینیٹ اور قومی اسمبلی کی دفاعی کمیٹیوں ، پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے اراکین آج جی ایچ کیو جائیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز میں عسکری قیادت کی جانب سے جن کمیٹیوں کو بریفنگ دی جائے گی اُن میں پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر ، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع شامل ہیں ۔

یاد رہے کہ افغانستان سے امریکی اور اتحادی فورسز کے انخلا اور طالبان کے کنٹرول کے بعد فوجی قیادت کی جانب سے پارلیمینٹیرینز کو دی جانے والی یہ پہلی سیکیورٹی بریفنگ ہے ۔ عسکری قیادت پارلیمنٹیرینز کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی بریفنگ دے گی ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار بھی بریفنگ میں شرکت کریں گے ، تینوں کمیٹیوں کے اراکین آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات بھی کریں گے ۔ جبکہ بریفنگ ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او ) دیں گے ۔ دفاعی کمیٹیوں کے اراکین یادگار شہدا پر بھی حاضری دیں گے ۔

جی ایچ کیو میں ہونے والی سیاسی و عسکری قیادت کی اس بیٹھک پر بات کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ یہ بریفنگ جی ایچ کیو کے بجائے پارلیمنٹ ہاوس میں ہوتی تو زیادہ بہتر تھا ۔

مزیدخبریں