شبر زیدی کی بطور ایف بی آر چیئرمین تعیناتی کے خلاف درخواست مسترد

12:26 PM, 30 Aug, 2019

اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی کی تعیناتی کے خلاف درخواست مسترد کردی۔

 عدالت عالیہ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے بینچ کی سربراہی کرتے ہوئے راجہ انعام امین منہاس کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر سماعت کی ، دوران سماعت جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ ملک کو مالی مشکلات کا سامنا ہے اور یہ دیکھنا پڑے گا کہ عدالت مالیاتی بحران پر قابو پاسکتی ہے یا نہیں، عدالت ایگزیکٹوز کے اختیارات میں مداخلت کیوں کرے؟

انہوں نے ریمارکس دیئے کہ اگر تعیناتی کو ختم کردیا جائے تو عدالت ذمہ دار ہوجائے گی، اگیزیکٹوز نے یہ فیصلہ سوچ سمجھ کر ہی لیا ہوگا ، انہوں نے کہا کہ معاملے کو پارلیمنٹ میں قانون سازوں کے ذریعے اٹھایا جانا چاہیے کیونکہ ایگزیکٹو اور پارلیمنٹ عوام کے سامنے جوابدہ ہیں۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا تھا کہ ایف بی آر کے افسران شبر زیدی کو چیئرمین کے عہدے پر تعینات کرکے ایف بی آر کے افسران کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے اور اس تعیناتی میں آئین کے آرٹیکل 240 اور 242 کی خلاف ورزی بھی کی گئی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد اسے خارج کردیا اور اسے ناقابل سماعت قرار دیا۔
 

مزیدخبریں