لاہور:محسن عباس حیدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے وکیل کے ساتھ ایک ویڈیو شئیر کی ہے، جس میں انہوں نے بتایا کہ مجھ پر لگائے گئے سارے الزام بے بنیاد اور جھوٹے ہیں۔
محسن عباس حیدر کا کہنا ہے کہ میری اہلیہ کی جانب سے عدالت میں میرے خلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا، نہ کوئی گواہ پیش کیا گیا اور نہ ہی اسپتال کا ریکارڈ پیش کیا گیا۔انہوں نے کہاثابت ہوا کہ ہم سرخرو ہوئے اور سارے الزام جھوٹے تھے، لیکن ایک افسوس رہے گا کہ میرے ساتھیوں نے، میڈیا نے اور مداحوں نے خبر کی تصدیق کیے بغیر مجھے غلط سمجھا اور ایک روتی ہوئی عورت کو سچا سمجھا۔
انہو ں نے مزید کہا کہ ہر روتی ہوئی عورت سچی نہیں ہوتی، فیصلہ کرنے والی ذات اللہ کی ہے اور جیت ہمیشہ سچ کی ہوتی ہے۔دوسری جانب یہ خبریں گردِش کر رہی ہیں کہ ماڈل و اداکارہ نازش جہانگیر نے اپنی اور محسن عباس حیدر کی شادی کی پھیلنے والی خبروں کی تردید کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر ان کی اور محسن عباس حیدر کی شادی کے حوالے سے جاری خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں جس سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
نازش جہانگیر نے کہا کہ وہ ان دِنوں سوشل میڈیا پر بالکل فعال نہیں ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ محسن عباس حیدر کو وہ صرف ایک ساتھی اداکار کے طور پر جانتی ہیں اس کے سوا اِن کا محسن عباس حیدر سے کوئی تعلق نہیں ہے، سوشل میڈیا پر ہماری شادی کی خبریں محض ایک پروپیگنڈا ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دِنوں سوشل میڈیا پرایک مداح نے محسن عباس حیدر اور نازش جہانگیر کی تصویر شئیر کرتے ہوئے ’بہترین کپل‘ کا کیپشن لکھا تھا، جس تصویر پر نازش جہانگیر نے ’جلد انشااللہ‘ کا کمنٹ کیا تھا اور اِس کمنٹ کے بعد سوشل میڈیا پر اِن کی شادی کی خبریں گردِش کرنے لگ گئی تھیں۔