وزیراعظم کی اپیل پر عوام کا کشمیریوں سے اظہار یکجہتی

09:28 AM, 30 Aug, 2019

لاہور: مقبوضہ کشمیر میں نازی مودی کی بربریت کےخلاف پوری قوم سراپا احتجاج ہوگئی، وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر ملک بھر کے عوام کی جانب سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جا رہا ہے۔ ملک کی فضاء پاکستانی اور کشمیر کے ترانوں سے گونج اٹھی۔

اسلام آباد کی شاہراہ دستور پر وزیراعظم سیکریٹریٹ کے سامنے مرکزی اجتماع منعقد کیا گیا جس کی قیادت وزیراعظم عمران خان نے کی۔

اس سے قبل چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت جاری سینیٹ اجلاس کے دوران ایوان میں اعلان کیا گیا کہ 11 بجکر 40 منٹ پر تمام عملہ سینیٹ سے باہر چلا جائے گا۔

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آدھے گھنٹے کے لئے ملک پھر میں ٹریفک روک دیا گیا ہے۔ ملک میں چلنے والی تمام 138 ٹرینوں کا ایک منٹ کے لئے پہیہ جام کر دیا گیا ہے جبکہ ریلوے ورکرز بھی یک جہتی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

ملک بھر میں دوپہر 12 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر دنیا کو بتا دیا ہے کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ اس موقع پر مقبوضہ وادی میں بھارتی بربریت سے متعلق ترانہ بھی جاری کیا گیا ہے۔

’کشمیر آور‘ کے حوالے سے کراچی میں مزار قائد پر اظہار یکجہتی تقریب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل شرکت کر رہے ہیں۔

لاہور میں چیئرنگ کراسنگ پر کشمیر ریلی کی قیادت گورنر پنجاب چوہدری سرور اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کر رہے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے تاجر برادری کی جانب سے دکانیں اب تک نہیں کھولی گئی ہیں۔

مزیدخبریں