لاہور:پنجاب حکومت نے سٹیج ڈراموں ،سینما گھروں اور تھیٹر ہالز کے باہر لگے ہورڈنگز بورڈ زکے حوالے سے پالیسی بنانے کا فیصلہ کر لیا ۔
فحش اور عریاں تصویر وں والے بورڈز لگانے پر پہلے جرمانہ اور اصلاح نہ کرنے کی صورت میں اسے سیل کر دیا جائے گا ۔ یہ بات صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات اور ثقافت فیاض الحسن چوہان نے ایک تقریب میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فن اورثقافت کے نام پر کسی کو بھی بے حیائی اورفحاشی پھیلانے کی اجازت نہیں دے گی۔
انہوں نے کہا کہ سینما اور تھیٹر ہالوں کے باہر لگے بورڈ زپر فحاشی اور عریانی پرنٹ ہوتی ہے ۔ وارننگ کے بعد پہلے جرمانے کئے جائیں گے اور اصلاح نہ کرنے کی صورت میں اسے سیل کر دیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیج ڈراموں میں سکرپٹ کے حوالے سے بھی پالیسی بنائی جائے گی۔