پانامہ کی طرح ''میٹرو لیکس'' کی تحقیقات کیلئے با اختیار جے آئی ٹی بننی چاہیے: ڈاکٹر طاہر القادری

10:28 PM, 30 Aug, 2017

لاہور : پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے لندن ہیتھرو ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے ملک پاکستان میں عید منانے آ رہا ہوں اور نواز شریف اپنے ملک عید منانے چلے گئے۔پانامہ لیکس نے بڑے میٹرو لیکس نے چھوٹے کو بے نقاب کر دیا۔میٹرو کرپشن پر پانامہ لیکس جیسی با اختیار جے آئی ٹی بننی چاہیے،اشرافیہ کی کرپشن پر پردے ڈالنے والے سرکاری نمک حراموں کی کڑی گرفت کی جائے۔اشرافیہ کی جو کرپشن سامنے آ رہی ہے اسکی حیثیت دیگ کے ایک چاول جیسی ہے ،اب قوم کو سمجھ آ جانی چاہیے یہ موٹر وے اور اورنج،میٹرو منصوبے بنانے کیلئے دن رات ہلکان کیوں ہو تے ہیں اور کیوں ان منصوبوں کو شروع کرنے سے قبل ضروری محکمانہ قانونی کارروائی کو بھی بلڈوز کر دیتے ہیں۔

نواز شریف کے دور حکومت کے صرف ایک سال میں36وزارتوں میں 3ہزار ارب کی بے ضابطگیوں کی آڈیٹر جنرل پاکستان نے نشاندہی کی ۔شریف برادران نے 30سال صرف کرپشن کی۔سربراہ عوامی تحریک نے ''میٹرو لیکس ''پر شہباز شریف کی وضاحتی پریس کانفرنس کو ڈھونگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انکی کوئی زبان نہیں ،قاتل اعلیٰ نے باقر نجفی کمشن بناتے وقت بھی کہا تھا کہ میری طرف انگلی اٹھی تو گھر چلا جائونگا کمشن نے پورا ہاتھ سر پر رکھ دیا وہ خود توگھر نہیں گئے مگر نجفی کمشن کی رپورٹ کو اپنے گھر بھیج دیا جسے نکلوانے کیلئے ہم اڑھائی سال سے قانونی چارہ جوئی کر رہے ہیں ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ پاکستان کو لوٹنے والی اشرافیہ شکنجے میں آ گئی اگر احتساب کا عمل ادھورا رہ گیا تو پھر قیامت تک کیلئے کوئی پاکستان سے کرپشن ختم نہیں کر سکے گا ۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے سے قبل نواز شریف اور انکے حواری بھی چیخ چیخ کر کہہ رہے تھے کہ دامن پر کوئی داغ نہیں مگر پانچ ججز نے بتایا کہ پورا لباس ہی داغدار اور کرپشن کے چھیدوں سے بھرا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرپٹ اشرافیہ سمجھتی تھی کہ انکی سائنسی انداز میں کی جانیوالی لوٹ مار کو کوئی بے نقاب نہیں کر سکتا مگر اب ایک ایک کر کے انکشافات سامنے آ رہے ہیں ۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ سب سے بڑا انکشاف جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ میں ہے جس دن یہ رپورٹ آئے گی قاتل کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن نہیں احتساب کی طرف دیکھ رہے ہیں ،جب تک گند ڈالنے والی مچھلیاں ختم نہیں کی جائینگی جال گندا رہے گا ،پاکستان اس وقت مشکل دور سے گزر رہا ہے،سا لمیت کی حفاظت کی جائے۔ٹرمپ کے بیان پر پاکستان کے پاس جواب دینے کا سنہری موقع ہے ۔سربراہ عوامی تحریک لندن کے مقامی وقت کے مطابق 4بجے ہیتھرو ائیر پورٹ سے روانہ ہوئے اور قطر ائر ویز پر براستہ دوحہ آج 31اگست صبح8 بجے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائر پورٹ لاہور پہنچیں گے جہاں کارکن انکا استقبال کریں گے ۔سربراہ عوامی تحریک میڈیا سے گفتگو بھی کریں گے۔

مزیدخبریں