لاہور: پاناما کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سابق سربراہ واجد ضیاء نیب لاہور کو اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا۔ نیب نے پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس کی تیاری شروع کر دی ہے۔ اس حوالے سے گزشتہ روز جے آئی ٹی کے سابق سربراہ واجد ضیاء نے نیب راولپنڈی کے سامنے بیان ریکارڈ کرایا تھا۔
واجد ضیاء کو آج نیب لاہور نے طلب کررکھا تھا اور وہ اپنا بیان ریکارڈ کرانے اسلام آباد سے لاہور پہنچے۔ واجد ضیاء 3 گھنٹے تک نیب کے دفتر میں موجود رہے جہاں انہوں نے دفعہ 161 کے تحت بطور گواہ اپنا بیان ریکارڈ کرایا جب کہ ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور سلیم شہزاد نے ان کا بیان ریکارڈ کیا۔ واجد ضیاء کو نیب راولپنڈی کی طرح نیب لاہور کی جانب سے ایک سوالنامہ بھی دیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ واجد ضیاء ایک دستاویزی بیان لے کر نیب لاہور کے دفتر آئے تھے۔ شریف خاندان کے خلاف نیب لاہور میں 4 کیسز ہیں جن میں سے ایک کیس 12 آف شور کمپنیوں اور دوسرا لندن کے 4 فلیٹس کا ہے جب کہ نیب راولپنڈی کے پاس 2 کیسز ہیں۔
یاد رہے کہ نیب نے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کو بھی کئی بار طلب کیا تھا تاہم دونوں فریقین نے سپریم کورٹ میں فیصلے کے خلاف نظر ثانی اپیلیں دائر کر رکھی ہیں اور اس پر فیصلہ آنے تک نیب کے سامنے پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں