کابل:امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان حکام کی طالبان سے تقریبا ہر روز بات چیت ہوتی ہے۔ امریکی خبررساں ادارے ”اے پی“ کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی خفیہ ایجنسی کے سربراہ اور دیگر اہلکاروں کی طالبان رہنماﺅں سے ملکی آئین اور سیاسی مستقبل سے متعلق ٹیلی فون پر تقریبا ہر روز بات چیت ہوتی ہے۔
نیوز ایجنسی اے پی نے ایسی دستاویزات بھی دیکھی ہیں، جن کے مطابق افغان حکام نے نہ صرف قطر بلکہ پاکستان میں بھی طالبان رہنماﺅں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان میں سے کوئی بھی فریق عوامی سطح پر مذاکرات کرنے کے لیے تیار نہیں تھا۔
لیکن دستاویزات سے ان موضوعات سے متعلق معلومات ملتی ہیں، جن پر گفتگو کی گئی ہے۔ ان دستاویزات سے ایسے اشارے بھی ملتے ہیں کہ طالبان کچھ تبدیلیوں کے ساتھ افغانستان کے آئین اور انتخابات کے عمل کو قبول کرنے کے لیے تیار ہیں۔