دوسروں پر کیچڑ اچھالنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے، اعزاز چوہدری

09:14 AM, 30 Aug, 2017

واشنگٹن : امریکہ میں تعینات پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت میں پاکستان کے سابق ہائی کمشنر عبدالباسط یہ سمجھنے میں ناکام رہے کہ زندگی کوشش اور قسمت کے ملاپ کا نام ہے، ان کے خط پر چار قل پڑھ کر اسے نظر انداز کردیا تھا۔

 عبدالباسط کے خط پر اپنے رد عمل میں اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھیوں نے عبدالباسط کے ناروا رویے پر اظہار افسوس کیا تھا اور انہوں نے خود خط پر ردعمل نہ دے کر معاملہ اللہ کے سپرد کردیا تھا، چار قل پڑھ کر اسے نظر انداز کردیاتھا لیکن اب چونکہ عبدالباسط نے سوشل میڈیا کا سہارا لیا اس لیے اس پر اظہار خیال ضروری سمجھا۔

انہوں نے کہا کہ عبدالباسط ریٹائرڈ ہوچکے ہیں اس لیے حسد کا کوئی علاج نہیں ہے، عبدالباسط کا خط بدترین اور غیر واضح ہے ، زندگی نے ہمیں جو کچھ دیا اسے عاجزی سے قبول کرلینا چاہیے،  دوسروں پر کیچڑ اچھالنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے، عبدالباسط یہ سمجھنے میں ناکام رہے کہ زندگی کوشش اور قسمت کے ملاپ کا نام ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں تعینات پاکستان کے سابق ہائی کمشنر عبدالباسط نے ایک خط لکھا تھا جس میں انہوں نے اعزاز چوہدری کو بدترین سفارتکار قرار دیا تھا، یہ خط منگل کے روز ایک سال سے بھی زائد عرصہ گزر جانے کے بعد منظر عام پر آیا ہے.

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

مزیدخبریں