مناسک حج کی ادائیگی کے لیے 20 لاکھ عازمین منیٰ روانہ

08:25 AM, 30 Aug, 2017

اسلام آباد: اسلامی تاریخ کے1430 ویں حج کے مناسک آج سے شروع ہوں گے۔فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے آئے 20 لاکھ سے زائد عازمین حج آج منیٰ روانہ ہونگے۔

 حجاج کل فریضہ حج کی ادائیگی کیلیے میدان عرفات پہنچیں گے، میدان عرفات میں نماز ظہر اور عصرایک ساتھ ادا کرنے اور مسجد نمرہ میں سعودی مفتی اعظم کا خطبہ حج سننے کے بعد عصر اور مغرب کے درمیان وقوف ہوگا جس میں اللہ رب العزت کے حضور حجاج کرام ذکر و تسبیح کیساتھ خصوصی دعائیں کرینگے، نماز مغرب سے قبل میدان عرفات چھوڑنے کا حکم ہے،20لاکھ عازمین میدان عرفات سے مزدلفہ روانہ ہونگے اور وہاں پہنچ کرمغرب اور عشاء کی نماز ایک ساتھ ادا کرینگے۔

حجاج رات کھلے آسمان تلے قیام اور نماز فجر کی ادائیگی کے بعد منیٰ میں اپنے اپنے خیموں میں جائیں گے اور قربانی کرنے کے بعد بال منڈ وائیں گے، پہلے دن شیطانوں کوکنکریاں مارنے کے بعد حجاج مکتہ المکرمہ جا کر مسجد الحرام میں طواف زیارت کرسکتے ہیں۔

دوسرے اور تیسرے دن بھی شیطان کو کنکریاں مارنا حج کارکن اعظم ہے اور تینوں دن منیٰ میں رات کا ایک خاص پہر گزارنا تمام عازمین حج پر واجب ہے، تیسرے دن شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد تمام حاجی مستقل طور پر منیٰ سے مکہ مکرمہ روانہ ہونگے، اس طرح مناسک حج کی تکمیل ہو جائیگی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

مزیدخبریں