اسلام آباد:اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کی میڈیکل رپورٹس میں زہر دینے کے کوئی شواہد نہ ملنے پر دعویٰ مسترد کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بشریٰ بی بی کو زہر دیئے جانے کے خدشے پر میڈیکل چیک اپ کی درخواست پر سماعت کی۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ کیا بشریٰ بی بی کے ٹیسٹ کرا لیے گئے ہیں اور کیا بشریٰ بی بی ٹھیک ہیں؟ جس پر اسٹیٹ کونسل عبدالرحمان نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کے شفاء اسپتال سے ٹیسٹ کرائے گئے ہیں، ڈاکٹر عاصم یوسف کی نگرانی میں ٹیسٹ کرائے گئے۔ بشریٰ بی بی بالکل ٹھیک ہیں۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ زہر سے متعلق کیا ہے؟ جس پر اسٹیٹ کونسل نے جواب دیا کہ زہر کے کوئی اثرات نہیں پائے گئے۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی خود عدالت میں پیش ہو کر بریف کرنا چاہتی ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے بشریٰ بی بی کو زہر دیئے جانے کے خدشے کے باعث میڈیکل چیک اپ کی درخواست نمٹا دی۔