مسجد نبوی ﷺ واقعے پر عمران خان بھی بالآخر بول اٹھے

11:32 AM, 30 Apr, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے  چئیرمین اور سابق وزیراعظم  عمران خان نے مسجد نبوی ﷺ  کے تقدس کی پامالی کے واقعے پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کی کوئی ہدایت نہیں دی، ایک عاشق رسول ﷺ    ایسا سوچ بھی نہیں سکتا،  ان کے ساتھ  جو ہوا یہ ان کے اپنے اعمال کی وجہ سے ہے۔

تفصیلات کے مطابق  عمران خان نے ایک انٹرویو میں  مسجد نبوی ﷺ میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے میں  حکومتی وفد کو ہی ذمہ دار ٹھہرا دیا ، انہوں نے کہا کہ  مدینے میں جو ہوا یہ ان کے اپنے اعمال کی وجہ سے ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ لوگوں میں غصہ ہے، وہ تکلیف میں ایسا کر رہے ہیں، ن لوگوں نے بیرونی سازش کا حصہ بن کر حکومت گرائی۔انہوں نے مزید کہا کہ میں کبھی سوچ بھی نہیں سکتا کہ اس مقدس جگہ لوگوں کو فساد پر اکسانے کی ہدایت دوں۔کوئی عاشق رسول ﷺ  ایسا کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ جب یہ واقعہ ہوا تو ہمارے تمام کارکنان شب دعا منا رہے تھے۔

   
 

انہوں نے کہا کہ میرے دل میں جو رسول اللہ ﷺ  کا مقام ہے وہ کسی کو ثابت کرنے کی ضرورت نہیں۔ میرا عقیدہ ہے کہ دل میں نبی کریم ﷺ  کا عشق نہ ہو تو ایمان مکمل نہیں ہوتا۔

مزیدخبریں