پشاور،جمعیت علماء اسلام کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں کرپٹ باپ کو بچانے میں مصروف ہیں، بیٹی کو باپ کے پاس لندن بھیجنے کا پروگرام بنایا جارہا ہے، پی پی کو شوکاز دے کر دیوار سے لگایا گیا۔
جمعیت علمائے اسلام کے سینئیر رہنما حافظ حسین احمد نے ایک بیان میں کہا کہ آزادی مارچ کے ذریعے بیماری کا ڈرامہ رچاکرپہلے باپ کو لندن بھیجا گیا اب بیٹی کو باپ کے پاس بھیجنے کا پروگرام بنایا جارہا ہے، باپ اور بیٹی کو ملانے کا معاہدہ طے ہوچکا ہے، ایک باپ سے جان چھڑانے کے لیے ’شوکاز‘ نوٹس کا سہارا لیا گیا‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’پی ڈی ایم سربراہ نے اپنے بیان میں واضح کہہ دیا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی استعفیٰ دینے کے لیے تیار نہیں ہیں، اگرمسلم لیگ ن بھی استعفیٰ دینے کو تیار نہیں تھی تو کیا شوکاز کے ذریعہ پیپلز پارٹی کو دیوار سے لگانے کی طے شدہ سازش نہیں تھی ۔
حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ ’پیپلز پارٹی کو شوکاز اور چھوٹے میاں کی رہائی’لندن بیانیہ‘ کے بجائے ”پاکستان بیانیہ“ کو آگے بڑھانے کی سازش کا حصہ ہے،بڑے میاں کے مکمل خاندان کی لندن روانگی کے بعد جیل یاترا سے واپس آنے والے بردار یوسف ہی تخت مصر کے وارث قرار پاسکتے ہیں‘۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر اسکرپٹ میں کوئی بڑی تبدیلی واقع نہ ہوئی تو پھر تبدیلی کے دعوے دارکی تبدیلی کو روکا نہیں جا سکتا‘۔