کراچی: معروف پاکستانی اداکارہ مرینہ خان کورونا وائرس کا شکار ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق ’’تنہائیاں‘‘ ، ’’دھوپ کنارے‘‘ جیسے بیشمار کامیاب ڈراموں میں کام کرنے والی اداکارہ مرینہ خان نے اپنا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کی خبر ایک ویڈیو پیغام میں دی ۔
مرینہ خان نے بتایا کہ انہوں نے خود کو 14 دنوں کے لیے اپنے کمرے میں آئسولیٹ کرلیا ہے۔
اداکارہ مرینہ خان نے کورونا وائرس کے حوالے سے پھیلی قیاس آرائیوں کہ کورونا کچھ نہیں ہوتا وغیرہ کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھی پہلے کورونا کو سنجیدہ نہیں لیا تھا لیکن اب جب وہ خود اس خطرناک وائرس کا شکار ہوئی ہیں اور ان کی طبعیت خراب ہوئی تو پھر ان کو پتہ چلا کہ وہ کس پریشانی میں گھر گئی ہیں ۔
اداکارہ مرینہ خان نے کورونا کی علامات بتاتے ہوئے کہا کہ کورونا ایک حقیقت ہے مجھے کورونا کی وجہ سے بار بار بخار چڑھتا ہے، اترتا ہے، سر میں بھی درد رہتا ہے لیکن شکر ہے اب سر کا درد کم ہوگیا ہےلیکن میں بہت کمزور ہوگئی ہوں ۔
آپ پلیز اس بیماری کو سیریس لیں احتیاط کریں ، ماسک پہنیں اور سماجی فاصلہ برقرار رکھیں ۔
واضح رہے کہ اداکارہ ماہرہ خان، ندا یاسر، یاسر نواز، علی عباس، علی رحمان خان، امیر گیلانی، صحیفہ جبار، علیزے شاہ، نعمان سمیع، روبینہ اشرف، ابرارالحق، واسع چوہدری، نوید رضا، شفاعت علی، سلمان احمد، عثمان مختار اور جواد احمد سمیت کئی پاکستانی فنکار کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔