یورپی پارلیمنٹ میں پاکستان کیخلاف قرارداد بھاری اکثریت سے منظور

10:18 PM, 30 Apr, 2021

برسلز: یورپی پارلیمنٹ میں پاکستان کے خلاف قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کر لی گئی۔ پاکستان نے یورپی پارلیمنٹ میں توہین رسالت قوانین سے متعلق قرارداد پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

یورپی پارلیمنٹ میں 6 کے مقابلے میں 681 ارکان نے قرارداد کی حمایت کی۔ قرارداد میں پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس پر نظر ثانی کرنے اور اقلیتوں سے متعلق امتیازی قوانین کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ارکان پارلیمنٹ نے فرانس اور پاکستان کے تنازع میں فرانس سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔  

دوسری جانب پاکستان نے یورپی پارلیمنٹ میں توہین رسالت قوانین سے متعلق قرارداد پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ میں گفتگو سے پاکستان میں توہین رسالت قوانین اور مذہبی حساسیت سے لاعلمی کا اظہار ہوتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ  نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو آئین کے مطابق ان کی بنیادی آزادیوں کا مکمل تحفظ ہے۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی صورت میں عدالتی وانتظامی میکانزم موجود ہے۔ پاکستان نے تحمل اور بین المذاہب ہم آہنگی کے پرچار میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ پرامن بقائے باہمی کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور یورپی یونین میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر بات چیت کیلئے کئی میکانزم ہیں۔ جمہوریت، قانون کی حکمرانی، گورننس اور انسانی حقوق پربات ہوسکتی ہے۔ باہمی دلچسپی کے امور پر یورپی یونین سے مثبت روابط جاری رکھیں گے۔

مزیدخبریں