کراچی ،چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی میں ڈسکہ کی طرح نہ تو دھند تھی اور نہ ہی پولنگ افسر غائب ہوئے ۔
بلاول بھٹو این اے 249 ضمنی الیکشن میں دھاندلی کا شور مچانے والوں پر برس پڑے اور کہا کہ دھاندلی کے ثبوت ہیں تو سامنے لائیں ورنہ خاموش ہوجائیں۔
بلاول بھٹو زرداری نےپریس کانفرنس میں ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا شوق ہے اپوزیشن سے اپوزیشن کرنا، ان کا شوق ہے پیپلز پارٹی سے مقابلہ کرنا ، تو کرو اور ہارو۔
بلاول بھٹو نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ کراچی میں ڈسکہ کی طرح نہ دھند تھی نہ پولنگ افسر غائب ہوئے ، ڈسکہ ٹو کا شور مچانے والے بتائیں ڈسکہ کی طرح فائرنگ کہاں ہوئی؟ شاہد خاقان عباسی آر او آفس میں موجود تھے اور اپنی ہار دیکھ رہے تھے۔
بلاول نے مزید کہا کہ کون سی جماعت مکمل سلیکٹڈ ہے؟ اور وہ اب ہمیں لیکچر دے گی، ن لیگ کے دوستوں کو شکست کو تسلیم کرنا سیکھنا چاہیے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اپوزیشن کی کنفیوز جماعتوں کو اپنا راستہ چننا ہوگا، اسٹیبلشمنٹ، پہلے سلیکٹڈ اور دوسرے سلیکٹڈ سب سے لڑنے کو تیار ہیں، پی ڈی ایم میں ایسے دوست ہیں جو عمران خان کو نہیں ہٹانا چاہتے۔