کراچی: ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 12 روپے 39 پیسے کمی کر دی گئی جس کے بعد گھریلو سلنڈر 146 روپے 19 پیسے سستا ہو گیا۔
مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے اچھی خبر سامنے آئی ہے، اوگرا نے مئی کیلئے ایل پی جی سستی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا اور نئی قیمتوں کا اطلاق یکم مئی کے لئے ہوگا۔
ایل پی جی 12 روپے 39 پیسے فی کلو سستی کردی گئی جس کے بعد ایل پی جی کی نئی قیمت 133 روپے 25 پیسے فی کلو ہو گی۔ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 146 روپے کمی سے 15 سو روپے کا ہو گیا۔
دوسری جانب یکم مئی سے پٹرولیم مصنوعات 10 روپے 64 پیسے فی لٹر تک مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ اوگرا کی جانب سے بھجوائی گئی سمری منظور ہونے کی صورت میں پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 75 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے فی لیٹر تک اضافہ ہوسکتا ہے۔ مٹی کا تیل 5 روپے 19 پیسے، لائٹ ڈیزل 10 روپے 64 پیسے فی لیٹر مہنگا ہونے کا امکان ہے۔
مجوزہ قیمتوں کا تعین موجودہ پٹرولیم لیوی کی شرح پر کیا گیا ہے۔ پٹرول پر موجودہ لیوی 11 روپے 23 پیسے جبکہ ڈیزل پر 15 روپے 29 پیسے فی لیٹر ہے اور حکومتی فیصلے سے عوام شدید نالاں ہیں۔
وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کرے گی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہو گا۔