لاہور میں ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان

12:32 PM, 30 Apr, 2021

لاہور: لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر ہفتہ اور اتوار کو  مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام ضروری خریداری کر لیں دو دن شہر مکمل طور پر بند ہوگا۔

نیو نیوز کے مطابق کمشنر لاہور کی جانب سے  جاری نوٹیفکیشن میں کہا  گیا ہے کہ حکومت نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے شہر کو دو دن یعنی ہفتہ اور اتوار کے روز مکمل بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے تاکہ عوام کی آمدورفت اور ہجوم بننے کو روکا جا سکے۔

لاہور کے کمشنر محمد عثمان کی جانب سے اس سلسلے میں جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان دو دن میں شہر بھر میں تمام کاروبار اور دکانیں مکمل طور پر بند رکھی جائیں گی۔

نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہفتہ اور اتوار کو بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر بھی مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم ویکسی نیشن سینٹرز، پیٹرول پمپس اور میڈیکل سٹورز اس پابندی سے مستشنیٰ ہونگے۔

بیان میں لاہور کے شہریوں کو تاکید کرتے ہوئے اپیل کی گئی ہے کہ وہ جو ضروری اشیا خریدنا چاہتے ہیں وہ خرید لیں کیونکہ دو دن انھیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا سے مزید 131 مریض جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ سب سے زیادہ 83 اموات پنجاب میں ہوئیں جبکہ کے پی میں 36، سندھ میں 4، اسلام آباد 2، بلوچستان 1 اور آزاد کشمیر میں 5 اموات ہوئیں۔

این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 91 ہزار 547 ہے ۔ ملک بھر میں 641 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں ۔ ملتان میں 74 جبکہ لاہور میں 72 فیصد مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں ۔ ملتان کے 77 فیصد آکسیجن بیڈز پر کورونا مریض ہیں ۔ ملک بھر کے 631 ہسپتالوں میں 6 ہزار 507 کورونا کے مریض داخل ہیں ۔

مزیدخبریں