وزیراعظم عمران خان آج گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے

11:12 AM, 30 Apr, 2021

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان آج گلگت بلتستان کا ایک روزہ دورہ کریں گے اور گلگت بلتستان کیلئے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ 

سرکاری ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان میں حالیہ انتخابات کے دوران عوام نے پاکستان تحریک انصاف پر اعتماد کا اظہار کیااور گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کی حکومت بنی جو وفاق کیساتھ ملکر علاقے کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ وزیراعظم عمران خان آج گلگت بلتستان کے دورے کے دوران علاقے کی ترقی کیلئے پیکج کا اعلان کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان انیس سو نوے کلومیٹر طویل خنجراب راولپنڈی فیز ون آپٹیکل فائبر کیبل کے منصوبے کا افتتاح کریں گے جو پاکستان چین کے اشتراک سے بچھائی جا رہی ہے۔

وزیر اعظم سی پیک کی آٹھ ہزار کلومیٹر طویل شاہراہوں کے ساتھ فیز ٹو آپٹیکل فائبر کیبل کے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے۔وزیراعظم عمران خان گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے انتالیس شہروں میں فائبر ٹو ہوم پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان دورے کے دوران گلگت بلتستان میں احساس کے تحت تین بڑے پروگراموں کا آغاز کریں گے۔ جن میں احساس نشو نما، احساس سیکنڈری ایجوکیشن وظیفہ اور احساس ایک خاتون ایک اکاؤنٹ پروگرام شامل ہیں۔

احساس نشو ونما کے مراکز تین ضلعوں دیامیر، استور اور خارمنگ میں پہلے ہی کھول دیئے گئے ہیں۔ معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کیلئے احساس چھتری تلے متعدد پروگرام دیئے جا رہے ہیں۔

 انہوں نے بتایا کہ احساس بلا سود قرضوں کے تحت گلگت بلتستان کے نو ضلعوں کیلئے اب تک ایک ارب چوبیس کروڑ روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ جبکہ گزشتہ سال گلگت بلتستان کے طلباء کو ایک ہزار ایک سو اٹھہتر وظائف جاری کئے جا چکے ہیں۔

وزیر اعظم گلگت میں انکیوبیشن سنٹر کا بھی افتتاح کریں گے۔ وزیراعظم دنیا کے مشکل ترین مقام کے ٹو بیس کیمپ میں علی سدپارہ کی یاد میں کونکورڈیا بی ٹی ایس کا افتتاح کریں گے۔ اپنے دورے میں وزیر اعظم دور دراز علاقوں سے رابطے قائم کرنے کے حوالے سے آئی پی ۔وی سیٹ کا بھی افتتاح کریں گے۔

ایک روزہ دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان ُہنزہ میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔گلگت بلتستان میں اولین امراض قلب 50 بستروں پر مشتمل ہسپتال کا تعمیراتی کام تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے وفاقی حکومت کے سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کےتحت جاری اس منصوبےپر پانچ ارب روپے خرچ کئےجا رہے ہیں۔

 کے ٹو بیس کیمپ کنکورڈیا میں گلگت بلتستان حکومت اور ایس سی او کے اشتراک سے فور جی موبائل ٹاور کی تنصیب سے کے ٹو پر کوہ پیمائی کرنے والوں کو ٹیلی مواصلات کی سہولت میسر آئے گی۔

گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ قدرتی ماحول کو متاثر کئے بغیر بابوسر اور خنجراب میں ماسٹر پلان کے تحت سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔

وزیر اعظم کی جانب سے ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت یو ایس ایف کے دائرہ کار کو گلگت بلتستان تک وسعت دی جارہی ہے اور جون تک گلگت بلتستان کیلئے فور جی لائسنس کی نیلامی کو یقینی بنایا جائے گا جس سے گلگت بلتستان کے تمام علاقوں میں فورجی کی بہترسہولت میسر آئے گی۔

مزیدخبریں