ن لیگ کا ڈسکہ والا کھیل یہاں نہیں چلے گا : پیپلز پارٹی 

08:03 AM, 30 Apr, 2021

کراچی : پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ نے مریم اورنگزیب سے سوال کیا کہ پولنگ اسٹیشن کے باہر موجود سعید غنی اصل نتائج سے ناواقف اور اسلام آباد میں بیٹھی مریم اورنگزیب ایک ووٹ سے واقف۔ کیسے؟

نیو نیوز کے مطابق ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ آپ کا ڈسکہ والا کھیل یہاں نہیں چلے گا یہ بھٹو کے جیالے ہیں، کرائے کے رکھوالے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ نے ڈسکہ میں بھی یہ ہی کیا تھا اور یہاں بھی کہ جس پولنگ اسٹیشن سے ہار رہے ہو وہاں سے اُن کا پولنگ ایجنٹ بغیر نتیجہ لیے غائب ہوجائے اور سارا الزام الیکشن کمیشن پر ڈال دے۔رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ شاید یہ بھول گئے اس دفعہ ان کا مقابلہ حقیقی جمہوری پارٹی سے ہے۔

دوسری طرف میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی کہا ہے کہ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے پیپلزپارٹی پر اعتماد کیا اور تاریخی فتح دلائی، پیپلزپارٹی کے کارکنان نے محنت کی۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ حلقے کے لوگوں نے پی ٹی آئی کی مہنگائی کی پالیسی کو مسترد کیا، حلقے کے لوگوں نے پیپلزپارٹی سے امیدیں باندھی ہیں ہم ان کو مایوس نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کراچی میں بلدیاتی انتخابات بھی جیتے گی، پیپلزپارٹی آئندہ کے عام انتخابات میں کراچی سے مزید نشستیں جیتے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں ہونے والے الیکشن میں غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے قادر مندوخیل کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے مفتاح اسماعیل دوسرے نمبر پر رہے۔

مزیدخبریں