لاہور: نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے کراچی کے حلقہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب پر سوالات اٹھادئیے۔
مریم نواز نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ این اے 249 میں ووٹر ٹرن آؤٹ بمشکل 15 سے 18فیصد ہے، گنتی کا عمل ساڑھے 8 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی جاری ہے؟، یہاں بھی دھند چھا گئی تھی کہ عملہ اتنی تاخیر سے پہنچا؟۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں بےوقوف سمجھ رکھا ہے کیا؟، انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر نتائج تبدیل کیے گئے تو یاد رکھو! مسلم لیگ ن تمہیں یہ سیٹ نگلنے نہیں دے گی۔ مسلم لیگ ن اب اپنا حق لینا سیکھ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ این اے 249 میں مسلم لیگ ن سے الیکشن چرایا گیا۔الیکشن کمیشن متنازعہ ترین نتائج کو روکے اگرایسانہ کیا گیا تو یہ جیت عارضی ہوگی ۔ لیگی رہنما مریم نواز کہتی ہیں مسلم لیگ ن انشااللہ جلد واپس آئے گی ۔ووٹ کو عزت مل رہی ہے اور مل کر رہے گی۔
دوسری طرف پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ نے مریم اورنگزیب سے سوال کیا کہ پولنگ اسٹیشن کے باہر موجود سعید غنی اصل نتائج سے ناواقف اور اسلام آباد میں بیٹھی مریم اورنگزیب ایک ووٹ سے واقف۔ کیسے؟
ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ آپ کا ڈسکہ والا کھیل یہاں نہیں چلے گا یہ بھٹو کے جیالے ہیں، کرائے کے رکھوالے نہیں۔
ادھر پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر اور صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی میں بلدیاتی انتخابات بھی جیتے گی۔