لاہور: شہباز شریف نے نیب کی جانب سے نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری کے اجرا کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ، شہباز شریف نے نیب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف عدالتی حکم کے تحت بیرون ملک علاج کے لئے گئے۔ نیب کا یہ اقدام قانون کی کھلی توہین اور عدالتی احکامات کے سراسر خلاف ہے۔
انہوں نے اس اقدام کو سراسر بدنیتی قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ عمران خان پوری قوم کو اپنے سیاسی انتقام کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں۔ عوام کی توجہ اپنی ناکامیوں سے ہٹانے کے لئے یہ نیا ہتھکنڈہ اختیار کیا گیا۔
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ شریف خاندان، نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی۔ نیب کا یہ اقدام قانون کی کھلی توہین اور عدالتی احکامات کے سراسر خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کیخلاف 34 سال پرانے کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری کرنا نیب نیازی گٹھ جوڑ کی بدترین مثال ہے۔ نواز شریف پاکستان اور عوام کے محسن ہیں، انہوں نے پاکستان کو دنیا میں ساتویں جوہری قوت بنوایا۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ نواز شریف نے ملک سے غربت، مہنگائی، دہشتگردی اور بے روزگاری کے اندھیرے دور کیے۔ انہوں نے پاکستان میں تعمیر وترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا۔