لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب نے کورونا ریلیف فنڈ کے لیے ڈاکٹروں کی تنخواہ نہ کاٹنے کی ہدایت کر دی۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ہدایت کی ہے کہ ڈاکٹرز ہمارے فرنٹ لائن سپاہی ہیں ان کی تنخواہ نہ کاٹی جائے، ہم کورونا مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کو ہر ممکن سہولت دیں گے۔
دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب نے ڈاکٹروں کو ایک ماہ اضافی تنخواہ دینے کی فائل محکمہ خزانہ کو ارسال کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ کا معاملہ زیر غور ہے لیکن کن ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی عملے کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دینی ہے اس کا جلد فیصلہ کر لیں گے۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے چند روز قبل کرونا مریضوں کا علاج کرنے والے طبی عملے کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دینے کا اعلان کیا تھا۔