لاہور: احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں عبدالعلیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی۔
آج احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کے دوران استفسار کیا کہ کیا عبدالعلیم خان کے خلاف ریفرنس آ گیا جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا حتمی رپورٹ جیسے ہی تیار ہو گی پیش کر دیں گے۔
عدالت نے پوچھا رپورٹ تیار ہوئی یا نہیں جس پر نیب نے کہا کہ حتمی تفتیشی رپورٹ تیار نہیں ہوئی اور جیسے ہی تیار ہوئی پیش کر دیں گے۔
احتساب عدالت کے جج نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ استغاثہ ریفرنس تیار نہیں کرتا تو ملزم کو غیر معینہ مدت تک جیل میں نہیں رکھا جا سکتا۔ آئندہ سماعت پر تفتیش کی مکمل رپورٹ پیش کی جائے۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کو 13 مئی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔