گوجرہ:سابق وزیر تعلیم بلیغ الرحمن کے اہلخانہ کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثے میں ان کی اہلیہ اور بیٹا جاں بحق ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سابق وفاقی وزیر میاں بلیغ الرحمن کے اہلخانہ کی گاڑی کو گوجرہ کے قریب حادثہ پیش آیا۔ حادثے میں ان کی اہلیہ جاں بحق جبکہ بچے شدید زخمی ہو گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا جہاں ان کا بیٹا بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹریفک حادثے میں سابق وزیر تعلیم بلیغ الرحمٰن کی اہلیہ اور بیٹے کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے حادثہ میں زخمی بچوں کی صحت یابی کی دعا کی ہے۔ انہوں نے زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ڈویژنل کمشنر فیصل آباد کو ہدایت جاری کیں۔
ادھر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بلیغ الرحمن کی اہلیہ اور بیٹے کی ٹریفک حادثے میں وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمی ہونے والے بچوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔
اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے بلیغ الرحمن اور دیگر اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام دے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔