ججوں نے خواجہ آصف کو بھاری دل سے نااہل کیا، نواز شریف

ججوں نے خواجہ آصف کو بھاری دل سے نااہل کیا، نواز شریف
کیپشن: سابق وزیراعظم نے تحریک انصاف کے لاہور جلسے پر بات کرنے سے معذرت کر لی۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد:احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ یہ ہے عمران خان کی اصولی سیاست اور اس کی منہ بولتی تصویر، ہم ہولو نعرے پچھلے کئی سالوں سے سن رہے ہیں لیکن جب واسطہ پڑا تو پتا چلا جو کچھ خیبرپختونخوا میں کیا دنیا کو پتا لگ گیا۔ اس کے مقابلے میں جو مرکز اور پنجاب میں ہوا کوئی مقابلہ نہیں۔

انہوں نےکہا کہ آج پنجاب دیکھیں پھر سندھ، کے پی کے اور بلوچستان دیکھیں لاہور دیکھیں اور دیگر شہر دیکھیں دور دور تک کوئی مقابلہ اور موازانہ نظر نہیں آتا لیکن فرق صاف ظاہر ہے۔ (ن) لیگ جب بھی آئی ہمیشہ ترقی کے ایجنڈے پر عمل کیا اور آج ملک میں انفرا اسٹرکچر بن رہا ہے جبکہ اسلام آباد میں نیا ائیرپورٹ دیکھ کر دل خوش ہوتا ہے اور میں اس کا افتتاح نہیں کر سکا اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن اس میں ہماری خدمات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی ساری تقریر کا متن 'میں' نہیں تو کچھ بھی نہیں، وزیراعلیٰ پنجاب

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے ایجنڈے کو دس بیس سال مل جائیں تو ملک کی تصویر بدل سکتی ہے اور ایک نیا پاکستان بن جاتا لیکن یہاں کام کرنے کون دیتا ہے۔ ٹانگیں کھینچنے والے کھینچتے رہے اور کبھی کوئی صدر، کبھی فوجی ڈکٹیٹر، کبھی ثاقب نثار ٹانگیں کھینچ رہے ہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ یہ مصنوعی فیصلہ ہو رہا ہے اس پر عملدرآمد ممکن ہی نہیں جو اس طرح کے فیصلے دے رہے ہیں وہ پچھتائیں گے کیونکہ یہ پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے۔ 70 سالوں میں یہی کچھ ملک میں دیکھا اور کسی ہمسایہ ملک میں اس طرح کے مناظر نہیں دیکھے کیونکہ بنگلا دیش میں بھی یہ مناظر نظر نہیں آتے جبکہ ہماری کہانی بہت افسوسناک ہے اور دعا ہے اللہ ہمارا مستقبل اچھا کرے۔ مفتاح اسماعیل کے بجٹ پیش کیے جانے سے متعلق سوال پر (ن) لیگ کے قائد نے کہا کہ میں کیا کہہ سکتا ہوں۔

اس سے قبلاحتساب عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ مجھے اقامے پر نااہل کیا گیا اور ججوں نے خواجہ آصف کو بھاری دل سے نااہل کیا تاہم مجھے خوشی ہے میرے دل پر کوئی بوجھ نہیں۔ سابق وزیراعظم نے تحریک انصاف کے لاہور جلسے پر بات کرنے سے معذرت کرلی۔

ایک سوال کے جواب میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت اور چین آپس میں دوستی کر رہے ہیں اور افسوس ہم نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا۔

 مزید پڑھیں: الیکشن ایکٹ کی دفعہ 202 کالعدم قرار دینے کی درخواست مسترد

یاد رہے رواں ماہ 26 اپریل کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین رکنی بینچ نے اقامہ کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کو نااہل قرار دیا تھا۔

فیصلے کے مطابق خواجہ آصف کو آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہل قرار دیا گیا ہے جس کے بعد ان کی قومی اسمبلی کی رکنیت بھی ختم ہو گئی۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں