تحریک انصاف کا جلسہ ،گریٹر اقبال پارک کوڑے کے ڈھیر میں تبدیل

11:06 AM, 30 Apr, 2018

لاہور: گزشتہ روز لاہور کے مینار پاکستان میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسہ کے بعد پنجاب حکومت کی کاوشوں سے خوبصورتی کا منظر پیش کرتا گریٹر اقبال پارک اب کوڑے کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکا ہے۔

ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کے جوش و خروش سے پودے اکھڑ گئے،ہر جگہ کوڑ ا کرکٹ پھینکنے سے تعفن پھیلنے لگا ہے جبکہ کھلاڑیوں نے گریٹر اقبال پارک کی شکل و صورت کو بگاڑ کر رکھ دیا ہے جس پارک میں کل تک پھولوں کی کیاریوں کی بدولت خوشبو کی مہکار تھی آج وہی کیاریاں بکھری پڑی ہیں اور جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ۔

کھلاڑیوں اور جنونیوں نے اپنے جنون کا خوب مظاہرہ کرتے ہوئے پھولوں کو روند ڈالا ہے جبکہ ہر طرف خالی بوتلیں تبدیلی کے دعویداروں کا منہ چڑاتی نظر آرہی ہیں۔جگہ جگہ ٹوٹی پھوٹی فلیکسز اور تصاویر پڑی نظر آرہی ہیں .

صبح سویرے سیر کے لئے آنے والے شہریوں کو بھی فلیکسز میں لگی کیلوں کے پائوں میں چبھنے کا خدشہ درپیش رہا اورگریٹر اقبال میں لگی خوبصورت لائٹوں کو بھی کھلاڑیوں نے نہ بخشا ۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے گریٹر اقبال پارک مینار پاکستان میں شاندار جلسہ کیا اور سربراہ پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے 11 نکاتی ایجنڈے کابھی اعلان کیا۔

ویڈیو دیکھیں:

مزیدخبریں