پشاور : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے باضابطہ طور پر انقلاب کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد کوئی گولی برسائے گا تو اس پر 10 گولیاں برسائی جائیں گی۔
رات گئے جاری کیے گئے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ میں پوری قوم، پی ڈی ایم کی جماعتوں، فارم 47 کی حکومت اور پاکستان کے تمام اداروں سے مخاطب ہوں، ملک میں ایسا وقت آ چکا ہے کہ ہماری عزتوں کو پامال کیا گیا، چادر اور چار دیواری کو پامال کیا گیا، ہم نے ظرف دکھاتے ہوئے اس قوم، اس ملک اور پاکستان کے لیے اُف تک نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں اب انقلاب کا اعلان کرتا ہوں کیونکہ ہمارے پاس انقلاب کے علاوہ کوئی اور حل نہیں، اب کوئی گولی چلائے گا تو گولی کھائے گا، زندگی اللہ کے ہاتھ میں ہے، کس کی کتنی لکھی ہے فیصلہ اس نے کرنا ہے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ہم پر شیلنگ کی گئی اور گولیاں برسائی گئیں، پنجاب پولیس کے اہلکار پھنس گئے تھے لیکن ہم نے انہیں چھوڑ دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنوں کو گولیاں ماری گئیں ، شیل مار کر 50 سے زیادہ کارکنوں کو زخمی کیا گیا، پنجاب کی حدود میں ہر 3 کلو میٹر پر ہم پر شیل اور گولیاں برسائی گئیں۔ کئی پولیس اہلکار ہمارے ہتھے چڑھے لیکن ہم نے ان کو چھوڑ دیا، پنجاب پولیس کے نوجوانو، اگر اپنے باپ کی اولاد ہو تو بیان دو کہ ہم نے تم کو چھوڑ دیا تھا۔
علی امین نے کہا کہ اس کے بعد تم ایک گولی چلاؤ گے ہم 10 گولی چلائیں گے، تم ایک شیل اور لاٹھی ماروگے ، ہم 10 ماریں گے۔
انہوں نے صوبے کے لوگوں سے کہا کہ سب متحد ہو جائیں، اگرکوئی سمجھتا ہے کہ ہمیں مارے گا تو وہ مرنے کیلئے تیار رہے، یہ میرا واضح پیغام ہے دھمکی نہیں۔ انقلاب کے بغیر کوئی حل نہیں یہ آخری وارننگ ہے۔