اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پنجگور کے علاقے خدا بدان میں مزدوروں کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مقتولین کی بلندیٔ درجات کیلیے دعا کی اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
وزیراعظم نے فائرنگ کی نتیجے میں زخمی ہونے والے مزدور کی جلد صحت یابی کی دعا اور ان کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ معصوم اور بے گناہ مزدور خدا بدان، پنجگور کے علاقے میں گھر کی تعمیر پر مزدوری کر رہے تھے، محنت کشوں اور مزدوروں پر حملوں کے بہیمانہ واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سر زمین پاک سے ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پر عزم ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی پنجگور کے علاقے میں فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ مزدوروں کے قتل میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
وزیر داخلہ نے جاں بحق مزدوروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا جبکہ زخمی مزدور کی جلد صحت یابی کیلیے دعا بھی کی۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے ملزمان کی گرفتاری کےلیے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ریاست اور سیکورٹی فورسز ان بیرونی فنڈنگ پر پلنے والے ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔