ملتان : ملتان سے عمرہ ویزے پر بھیک مانگنے کی غرض سے سعودی عرب جانے والے ایک ہی خاندان کے 16 افراد کو آف لوڈ کر کے گرفتار کر لیا گیا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے خالد انیس کے مطابق ملتان سے عمرہ ویزے پر سعودی عرب جانے والے 1 خاندان کے 16 افراد سے شک کی بنیاد پر پوچھ گچھ کرنے پر معلوم ہوا کہ پورا خاندان بھیک مانگنے کے لیے سعودی عرب جا رہا ہے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے خالد انیس کے مطابق دورانِ تفتیش خاندان کے افراد نے بتایا کہ 3 ایجنٹوں نے سعودی عرب میں اُن کی رہائش کے انتظامات کیے ہیں۔سعودی عرب پہنچ کر بھیک میں ملنے والی آدھی رقم اُن کی اور آدھی ایجنٹوں کی ہونی تھی۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے خالد انیس کے مطابق گرفتار کیے گئے خاندان کے افراد میں 11 خواتین، 5 مرد اور 1 بچہ شامل ہے۔ حراست میں لیے گئے اس خاندان کے تمام افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں بریفنگ کے دوران انکشاف ہواتھا کہ بیرونِ ملک گرفتار ہونے والے بھکاریوں کی 90 فیصد تعداد پاکستانیوں کی ہوتی ہے۔