خیبرپختونخوا، نماز جمعہ کے دوران مسجد میں دھماکہ، 4 افراد جاں بحق، متعدد افراد زخمی

02:15 PM, 29 Sep, 2023

نیوویب ڈیسک

ہنگو: ہنگو میں نماز جمعہ کے دوران مسجد میں دھماکے سے مسجد کی چھت کے ملبے تلے دب جانے سے 4 افراد جاں بحق،  متعدد افراد زخمی ہو گئے۔


ڈی پی او  کے مطابق دھماکا تھانہ دوآبہ کی حدود میں مسجد میں ہوا، دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔

ڈی پی او ہنگو کا کہنا ہے کہ ہنگو میں دو خود کش دھماکے ہوئے ہیں، ایک دھماکہ تھانے کے گیٹ پر، دوسرا تھانے کے اندر مسجد میں ہوا، دھماکا جمعہ کی نماز کے خطبہ کے دوران ہوا،   دھماکے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

پولیس کے مطابق دھماکے کے باعث مسجد کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر  4 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے، باقی افراد کو ملبے سے نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے جبکہ 12 زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ہنگو میں تھانہ دوآبہ کے ایس ایچ او شابراز خان کے مطابق دھماکہ نمازِ جمعہ کے آخری خطبے کے دوران ہوا جب مسجد میں 30 سے 40 افراد موجود تھے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق اب تک ملبے سے چار لاشیں اور 12 زخمیوں کو نکالا گیا ہے جنھیں سی ایم ایچ منتقل کیا جا رہا ہے۔

پولیس کے مطابق گاڑی میں سوار دو خودکش حملہ آور مسجد میں داخل ہونے کے لئے پہنچے تھے۔ڈیوٹی پرموجود پولیس اہلکاروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں ایک حملہ آور مسجد سے باہر ہلاک کردیا گیا۔فائرنگ کے تبادلہ میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی آواز سن کر بیشتر نمازی مسجد سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔دوسرا خودکش حملہ آور مسجد میں گھسنے میں کامیاب ہوگیا۔ اگر بروقت حملہ آوروں کو نا روکا جاتا تو جانی نقصان کا ندیشہ زیادہ تھا۔


نگران وزیراعلی خیبرپختونخوا اعظم خان نے ہنگو دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔


نگران وزیراعلیٰ نے ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو امدادی کاموں کی نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہنگو کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی جائے ۔

مزیدخبریں