اے این ایف کی کاروائیاں ، 89 کلو منشیات برامد، 10ملزمان گرفتار

12:16 PM, 29 Sep, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران مختلف کارروائیوں میں 89 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد،  3 خواتین سمیت 10 ملزمان گرفتار کر لیا۔ 

ترجمان اے این یف کے مطابق سپر ہائی پر جامشورو کے قریب کار سے 54 کلو گرام چرس برآمد ہوئی، دورانِ کارروائی شکارپور کے رہائشی ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔

اے این ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وندر کے قریب کارروائی کے دوران 2 خواتین سمیت کراچی کے رہائشی 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کے سفری بیگز اور سامان سے 18 کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزمان منشیات پشین سے کراچی اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

اینٹی نارکوٹکس فورس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آر سی ڈی ہائی وے پر وندر کے قریب مسافر بس میں سوار خاتون کو گرفتار کیا گیا، ملزمہ کے قبضے سے 5 کلو گرام آئس اور 2 کلو 500 گرام ہیروئن برآمد ہوئی، ملزمہ منشیات واٹر کولر میں چھپا کر قلات سے کراچی اسمگل کر رہی تھی۔

اے این ایف کے ترجمان کے مطابق الفتح مال فیصل آباد کے قریب موٹر سائیکل سوار سے 4 کلو 800 گرام ہیروئن جبکہ پشاور میں واقع کوریئر آفس میں پارسل سے آئس برآمد ہوئی۔  1 کلو گرام آئس کپڑوں کے ڈبوں میں چھپا کر بحرین اسمگل کی جا رہی تھی۔

 اینٹی نارکوٹکس فورس کےترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں