امیروں پر ٹیکس لگانے کیلئے اہم اقدامات کریں گے: ایف بی آر کی وزیر خزانہ کو بریفنگ 

07:59 PM, 29 Sep, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار  نے  ایف بی آر ٹیم کو  اقتصادی نقطہ نظر میں فوری تبدیلیوں کا مشورہ دیتے ہوئے کہا  ہے کہ ٹیکس کی حقیقی صلاحیت کے حصول کے لیے  کوششیں بڑھائی جائیں۔ ٹیکسوں کے کل حصہ میں براہ راست ٹیکس کا حصہ بڑھانے کا کام لائق تحسین ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر اسحاق ڈار نے ایف بی آر کا دورہ کیا۔ چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد نے ان کا استقبال کیا ،وزیر خزانہ نے ایف بی آر کی ریونیو کارکردگی سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔

چیئرمین ایف بی آر اور ممبران بورڈ (ایف بی آر) نے اجلاس میں شرکت کی۔چیئرمین ایف بی آر نے پریزنٹیشن دی اور ایف بی آر کے مختلف ریونیو اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ کو ریونیو ایڈمنسٹریشن میں اس وقت درپیش مسائل کی وضاحت کی گئی ۔

وزیر خزانہ کو بتایا گیا کہ ایف بی آر نے جولائی اور اگست 2022 کے ماہانہ اہداف کامیابی سے حاصل کر لیے ہیں،ان شاء اللہ ستمبر 2022 تک کا سہ ماہی ہدف بھی حاصل کر لئے جائیں گے ۔ستمبر میں سیلاب، درآمدی سکڑاؤ اور مہنگائی کی وجہ سے طلب میں کمی ہوئی ۔ اس وقت پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس نہیں۔ اس سال امیروں پر ٹیکس لگانے کے لیے اہم ٹیکس اقدامات کیے گئے۔

وزیر خزانہ نے اہداف کے حصول میں ایف بی آر کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا،انہوں نے ٹیم کو یقین دلایا کہ وہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں بھرپور تعاون کریں گے۔ 

مزیدخبریں