محمد رضوان کو روکنا مشکل، ہم ان سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں: معین علی

محمد رضوان کو روکنا مشکل، ہم ان سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں: معین علی

لاہور: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان معین علی نے کہا ہے کہ پاکستان کے محمد رضوان کو روکنا مشکل ہے اور ہم نے محسوس کیا ہے کہ ہماری ٹیم ان کے کھیل سے بہت کچھ سیکھ سکتی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پانچویں ٹی 20 میچ میں 6 رنز سے شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انگلش ٹیم کے کپتان معین علی نے محمد رضوان سمیت آل راؤنڈر عامر جمال کی بھی تعریف کی جنہوں نے میچ کا آخری اوور کرایا۔ 
معین علی نے کہا کہ محمد رضوان نے وکٹ کو دیکھتے ہوئے خود کو اس کے مطابق ڈھالا، اگرچہ وہ اپنے انداز میں ہی کھیلے لیکن جہاں ضرورت محسوس ہوئی انہوں نے خطرہ مول لیا اور کنڈیشنز کے مطابق زبردست بلے بازی کی، ہماری ٹیم محمد رضوان سے بہت کچھ سیکھ سکتی ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ سیریز کے دوران اب تک محمد رضوان کو روکنا خاصہ مشکل رہا ہے کیونکہ وہ ایک بہترین کھلاڑی ہیں اور مشکل صورتحال میں بھی گیند کو باؤنڈری سے باہر پھینکنا جانتے ہیں۔ 
اس موقع پر جب ان سے آل راؤنڈر عامر جمال سے متعلق سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا عامر جمال نے آخری اوور میں اچھی باؤلنگ کی جبکہ وائڈ بال اور ایک چھکے کے باوجود بھی ہدف حاصل نہ کر سکا۔ 
یاد رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں بھی محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 63 رنز بنائے تھے اور پاکستانی باؤلرز نے لاج رکھتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا تھا۔

مصنف کے بارے میں