لاہور: عدالت عالیہ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار و دیگر کی تقاریر نشر کرنے پر پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے ڈی جی آپریشنز کو طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سمیت دیگر اشتہاری ملزمان کی تقاریر ٹی وی پر نشر کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے ریمارکس دئیے کہ پیمرا اپنے ہی بنائے ہوئے قوانین پر عمل کیوں نہیں کر رہا، عدالت نے پیمرا کے ڈی جی آپریشنز کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر فریقین عدالت میں اپنا تفصیلی جواب کرائیں۔
واضح رہے کہ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پیمرا نے 2019ءمیں اشتہاری اور سزا یافتہ ملزمان کے ٹی وی پر آنے پر پابندی عائد کی تھی مگر نواز شریف اور اسحاق ڈار کی تقاریر اور پریس کانفرنس ٹی وی دکھائی جا رہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور اسحاق ڈار کی تقاریر اور پریس کانفرنس نشر ہونے پر پیمرا اپنے ہی احکامات کی خلاف ورزی کر رہا ہے، عدالت پیمرا کو اشتہاری ملزمان کی تقاریر ٹی وی پر نشر کرنے پر پابندی کا حکم دے۔
نواز شریف اور اسحاق ڈار کی تقاریر نشر کرنے پر ڈی جی آپریشنز پیمرا طلب
12:43 PM, 29 Sep, 2022